بھٹکل 19/ مئی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں کورونا وباء کی دوسری لہر بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے بہت سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں کورونا وباء کی صورت حال پر نظر رکھنے اور حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لئے جو ڈسٹرکٹ ایکسپرٹ کمیٹی گزشتہ سال پہلی لہر کے دوران تشکیل دی گئی تھی اس میں تبدیلی کرتے ہوئے از سر نو ایک نئی کمیٹی ترتیب دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی اور ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق اس کمیٹی میں بھٹکل کے مشہور سماجی خدمت گار نثار احمد رکن الدین (المعروف ٹاپ نثار) کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
مولئی موہیلن آئی اے ایس ڈپٹی کمشنر اس کمیٹی کے چیرمین ہونگے ۔ دیگر اراکین کے نام اس طرح ہیں:
۱۔ ڈاکٹر گجانن نائک ڈائریکٹر کریمس کاروار، ۲۔ ڈاکٹر شیوانند کوڈٹرکر ڈسٹرکٹ سرجن اینڈ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کریمس کاروار، ۳۔ ڈاکٹر نتین پِکلے صدر ڈسٹرکٹ آئی ایم اے ، ۴۔ ڈاکٹر منجو ناتھ بھٹ کریمس کاروار، ۵۔ ڈاکٹر سدالنگیّا نمائندہ ڈبلیو ایچ او، ۶۔ ڈآکٹر شرد نائک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر
کووڈ کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری گائڈ لائنس کو لاگو کرنا اور وقتاً فوقتاً (کم از کم ہفتہ میں ایک بار)کووڈ اسپتالوں میں جاکر وہاں پر علاج پانے والے مریضوں کی تفصیلات، مریضوں کو دی جارہی سہولیات اور علاج ومعالجہ کے طریقہ کار، مریضوں سے وصول کیے جارہے چارجس وغیرہ سے متعلق معلومات کا جائزہ اور اپنے تاثرات اور تجاویز حکومت کو پیش کرنا اس کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔